(لاہور نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی بازیابی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی گئی۔
چودھری پرویز الہٰی کی جانب سے درخواست وکیل طاہر نصراللہ وڑائچ کی وساطت سے دائر کی گئی، درخواست میں ڈی جی اینٹی کرپشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پرویز الہی کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے گزشتہ روز رہا کرنے کا حکم دیا،عدالتی حکم کے باوجود پرویز الہٰی کو رہا نہیں کیا گیا، سابق وزیراعلیٰ اس وقت بھی اینٹی کرپشن کی تحویل میں ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ پرویز الہٰی کو عدالت پیش کرنے کا حکم دے ،عدالت صدر تحریک انصاف کو بازیابی کے بعد رہا کرنے کا حکم دے ۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل محکمۂ اینٹی کرپشن نے پرویز الہٰی کو راولپنڈی سے گرفتار کیا تھا، گزشتہ روز لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے ماسٹر پلان میں بے ضابطگیوں کے مقدمے میں سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو ڈسچارج کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔