(لاہور نیوز) گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نمائندگی ملنی چاہیے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر مہدی شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان غیر مشروط پاکستان میں شامل ہوا تھا، گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی آئے گی تو آئینی حقوق مل سکیں گے، گلگت بلتستان کو قومی اسمبلی کے ساتھ سینیٹ میں بھی نمائندگی ملنی چاہیے۔
انہوں نے کہا ہم بھی 90 دن میں الیکشن کرانے کا مطالبہ کرتے ہیں، دن اوپر نیچے ہو سکتے ہیں لیکن الیکشن ہوتے نظر آ رہے ہیں، الیکشن صدر نے نہیں الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں۔
گورنر گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم مودی با ربار گلگت بلتستان کی بات کرتے ہیں، ہم کہنا چاہتے ہیں کہ ہم پاکستانی ہیں، مودی کو کچھ نہیں ملے گا، گلگت بلتستان میں بننے والے ڈیم مودی کی پریشانی ہے۔
پیپلز پارٹی رہنما فیصل میر کا اس موقع پر کہنا تھا نگران حکومت ن لیگ کی لگتی ہے، الیکشن کمیشن بھی ن لیگ کو کلین سویپ کرانے کے لئے کام کر رہا ہے لیکن پیپلز پارٹی دھاندلی نہیں ہونے دے گی۔