(ویب ڈیسک) ایشیا کپ ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
کولمبو میں شیڈول پاک سری لنکا میچ کے ٹاس سے قبل بارش ہوئی، جس کے باعث ٹاس تاخیر سے ہوا، امپائرز نے موسم میں بہتری کے بعد شام 4:30 بجے ٹاس کا وقت دیا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 45، 45 اوورز تک محدود کر دیا گیا ہے۔
ایشیا کپ سپر فور کا اہم میچ آج پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کولمبو میں کھیلا جارہا ہے، آج ہونے والا میچ سیمی فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے، پاکستان کو فائنل تک رسائی کیلئے ہر صورت میچ میں کامیابی حاصل کرنا ہو گی۔
پاکستانی وقت کے مطابق 2 بجے ٹاس ہونا تھا لیکن مسلسل بارش کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہوا، بارش کے باعث گراؤنڈ سٹاف نے پچ سمیت پورے گراؤنڈ کو کور سے ڈھانپ دیا تھا۔
واضح رہے کہ اگر اس میچ کے دوران مسلسل بارش کا سلسلہ جاری رہا اور میچ نہ ہو سکا تو پاکستان اور سری لنکا کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا، اس طرح دونوں کے تین تین پوائنٹس ہو جائیں گے لیکن بہتر رن ریٹ کی وجہ سے سری لنکا فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔
پاکستانی سکواڈ
سری لنکا کے خلاف میچ کے لیے ٹیم میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، شاہین آفریدی، امام الحق، محمد رضوان، افتخار احمد، محمد حارث، سعود شکیل، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر اور زمان خان شامل ہیں۔