ہیڈ کانسٹیبل محمد کاشف کی ملازمت سے برطرفی کیخلاف درخواست پر آئی جی پنجاب کو نوٹس
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ہیڈ کانسٹیبل محمد کاشف کو ملازمت سے برطرف کرنے کے خلاف درخواست پر آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے محمد کاشف کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں آئی جی پنجاب ، ڈی پی او سیالکوٹ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ڈی پی او سیالکوٹ نے غیر قانونی طور پر ملازمت سے فارغ کیا، ڈی پی او نے سیالکوٹ کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی پر قبضہ کرانے میں معاونت کی ہے۔ درخواست گزار کے بھائی وکیل نے ڈی پی او کے غیر قانونی اقدام پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں درخواست دی۔
وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ ڈی پی او سیالکوٹ حسن اقبال نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے نوکری سے برطرف کر دیا۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ لاہور ہائیکورٹ ڈی پی او سیالکوٹ کا نوکری سے برطرفی کا حکم کالعدم قرار دے۔