ایشیا کپ سپر فور مرحلہ، پاک بھارت میچ بارش کے باعث ختم، کل ریزرو ڈے پر کھیلا جائیگا
(لاہور نیوز) ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے چوتھے میچ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان آج کھیلا جانیوالا میچ بارش کے باعث ختم کر دیا گیا، کل میچ وہیں سے شروع ہو گا جہاں میچ روکا گیا ہے، بھارت نے 24.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنا ئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کولمبو میں کھیلے جا رہے ایشیا کپ کے اہم معرکے میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔بھارتی اوپنرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی، روہت شرما اور شبمن گل نے ایک طرف وکٹ روکے رکھی تو دوسری جانب تیز رفتاری سے رنز بناتے رہے۔
بعد میں شاہینوں نے بھارتی اوپنرز کو قابو کر لیا، بھارتی کپتان روہت شرما 49 گیندوں پر 56 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے جبکہ شبمن گل 52 گیندوں پر 58 رنز بنا کے شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔بھارتی ٹیم کی جانب سے اس وقت ویرات کوہلی اور کے ایل راہول کریز پر موجود ہیں جبکہ بارش کے باعث میچ کو ختم کردیا گیا ہے۔