(لاہور نیوز) سٹیج ڈراموں میں فحاشی و عریانی کے خاتمے کے لیے پنجاب حکومت کا آپریشن کلین اپ اگلے مرحلے میں داخل ہو گیا،سٹیج ڈرامے میں مجرے دکھانے پر شالیمار تھیٹر کو دوبارہ سربمہر کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی کارروائی کے دوران شالیمار تھیٹرمنیجر محمود اختر ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے پایا گیا، اسسٹنٹ کمشنر لاہور کینٹ نے کارروائی کے بعد تھیٹر کو سربمہر کر دیا۔
نگران وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب عامرمیر کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے تھیٹر مالکان کو وارننگ لیٹر جاری کردئیے ہیں، پنجاب کونسل آف آرٹس کی جانب سے سٹیج ڈراموں کے سکرپٹ کی منسوخی کے بعد ڈراموں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، ڈرامیٹک ایکٹ 1876 ءمیں ترامیم کی منظوری تک کسی تھیٹر میں کوئی ڈرامہ نہیں دکھایا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تھیٹرز میں ڈراموں کی نمائش کے لیے پہلے سکرپٹ کی منظوری لازم ہوگی، ڈرامے کی نمائش سے قبل فل ڈریس ریہرسل کروائی جائے گی، ریہرسل پرفارمنس کا معائنہ خود حکومتی نمائندے کریں گے۔