(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں ایک ہفتے کے دوران گندم ،چینی ،آٹا اورمیدہ مہنگا ہونے سے بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا۔
اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کی نیندیں اڑا کر رکھ دی ہیں جبکہ قیمتیں کنٹرول کرنے میں محکمہ خوراک ،کمشنر آفس اور ضلعی انتظامیہ بے بس دکھائی دے رہی ہے۔
اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں فی من 150 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے، گندم کی فی من قیمت 4 ہزار 650 سے بڑھ کر4 ہزار 800 روپے ہو گئی ہے،20 کلو آٹے کا تھیلا 100 روپے اضافے سے 2800 روپے میں فروخت ہورہا ہے، چینی کی 100 کلو کی بوری 2 ہزار روپے اضافے سے 18ہزار 500 روپے کی ہو گئی ہے۔
80 کلو فائن آٹے کی بوری 500 روپے اضافے کے بعد 12 ہزار روپے پر پہنچ گئی ہے، سادہ روٹی 2 روپے بڑھنے سے 20روپےمیں فروخت ہو رہی ہے، نان 5 روپے اضافے سے 30 روپے میں بکِ رہا ہے۔
آٹے، میدے اور چینی کی قیمتوں کے اثرات بیکری آئٹمز پر بھی اثر انداز ہو رہے ہیں، رس کا پیکٹ 10 سے 30 روپے مزید مہنگا ہو گیا ہے، باقر خانی، ڈبل روٹی، بسکٹس کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے جبکہ چینی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مٹھائی اور کیک کی قیمتیں بھی آسمانوں سے باتیں کرتی دکھائی دے رہی ہے۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے کہ گراں فروشوں کے خلاف اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس کارروائیاں کر رہے ہیں۔