(لاہور نیوز) چہلم حضرت امام حسینؓ کے جلوس اور عرس حضرت علی ہجویریؒ کے روٹس پر پولیس و انتظامیہ کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
چہلم حضرت امام حسینؓ اور عرس حضرت علی ہجویریؒ کی تقریبات کی مانیٹرنگ کیلئے ڈی سی آفس میں کنٹرول روم فعال ہے جس میں چہلم اورعرس کے روٹس کے ڈیجیٹل نقشے آویزاں کیے گئے ہیں، چہلم جلوس کے روٹس پر 176 اور دربار کے روٹس پر 40 کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کنٹرول روم کے مطابق چہلم حضرت امام حسینؓ کا جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد ہوا، جلوس کےمقرر کردہ راستوں میں دہلی دروازہ ،چٹا دروازہ اورآزادی چوک شامل ہیں،چوک نواب شاہ ،مغل حویلی ،مفتی باقر ،محلہ ککے زئیاں بھی جلوس کے روٹ کا حصہ ہیں، جلوس ٹبی سٹی ،بازار حکیماں ،بھاٹی چوک سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا، جلوس کے روٹ پر موبائل سروس معطل رہے گی۔
انچارج کنٹرول روم علی مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ کلوز سرکٹ کیمروں کے ذریعے تمام انتظامات کو دیکھا جا رہا ہے، کنٹرول روم میں پولیس ،ریسکیو،پی ٹی سی ایل ،رینجرز ،واسا،لیسکو ،ہیلتھ ،ریونیو ،میٹروپولیٹن کارپوریشن ،سول ڈیفنس اورایدھی کے فوکل پرسن موجود ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکمے کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری ازالہ یقینی بنا رہے ہیں۔