(ویب ڈیسک) یوم دفاع وشہداء پرجوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین، سروسز چیفس اورملک کی مسلح افواج نے شہداء، ان کے اہلخانہ اورجنگی ہیروزکوخراج عقیدت پیش کیاہے۔
یوم دفاع کے موقع پر ایک بیان میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ یوم دفاع و شہدا ہماری قومی و عسکری تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے، یہ دن ہمیں اپنی مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ دفاع وطن کو اپنی جان سے مقدم رکھنا پاک فوج کے ہر افسر اور جوان کا عزم ہے، شہدا کی قربانیاں،غازیوں کے کارنامے ہمارے لیے قابل تقلید مثالیں ہیں، شہدا کے خون سے آزادی کے چراغ روشن ہوتے ہیں، شہدا کا تقدس اور احترام ہماری اہم ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ 65 کی جنگ میں مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کو جرات اور پیشہ ورانہ مہارت سے ناکام بنایا اور جنگ میں قومی اتحاد و یکجہتی کا جذبہ دیکھنے میں آیا جب کہ اسی جذبےسے ہم نے دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا۔
آرمی چیف نے کہا کہ حال ہی میں بعض عناصر نے عوام اور فوج کے مقدم رشتے پر وار کرنے کی مذموم کوشش کی، افواج پاکستان نے بحیثیت ایک قومی ادارہ نہایت تحمل اور سمجھ داری سے اسے ناکام بنایا، مسلح افواج نے جس جانفشانی سے دہشتگردی کا مقابلہ کیا اسکی مثال نہیں۔
ان کامزید کہنا تھا کہ پاک فوج عوام کی خواہشات اور امنگوں کا محور ہے، مضبوط معیشت مضبوط دفاع کے لیے ناگزیر ہے، باہمی تعاون سے پاکستان اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔
یوم دفاع کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا پیغام
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر کو ہماری بہادر مسلح افواج نے عوام کے تعاون سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا تھا، یہ دن دفاع وطن کیلئے جذبہ قربانی کا غماز اور قوم اور مسلح افواج کے مابین ناقابل تسخیر بندھن کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی نے آپریشن سومناتھ کے ذریعے دوارکا میں دشمن کا ریڈار اسٹیشن اور ساحلی تنصیبات تباہ کیں ، آپریشن سومناتھ نے دشمن کی بحری نقل و حرکت دیکھنے کی صلاحیت ختم کرکے اسے مفلوج کردیا تھا۔
نیول چیف نے کہا کہ پاکستان نیوی کی آبدوز غازی سمندر میں ایک ناقابل تسخیر ڈھال کے طور پر متحرک رہی ہم پر لازم ہے کہ ہم اپنے ان مجاہدوں کو انکی جرات مندانہ کارروائیوں اور قربانیوں پر خصوصی خراج تحسین پیش کریں۔
ان کامزید کہناتھا کہ پاک بحریہ بلیو اکانومی کو فروغ دینے اور قومی ترقی کی نئی راہیں ہموار کرنے کیلئے مسلسل کوشاں ہے، پاک بحریہ جنگ کا تدارک کرنے اور بحری دفاع کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، پاک بحریہ کے تمام افسران، سی پی اوز، سیلرزاور بحریہ کے سویلینز اپنی بحری سرحدوں کا دفاع کرتے رہیں گے۔
سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کا یوم دفاع کے موقع پر پیغام
سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم دفاع ہماری تاریخ میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے، یہ دن دشمن کی جارحیت کے خلاف ہماری قوم کے عزم کی یاد دلاتا ہے، اس تاریخ ساز دن ایک جارح نے امن پسند ملک کی سالمیت پر وار کیا، دشمن ہمارے ناقابل تسخیر ارادوں سےلاعلم تھا۔
سربراہ پاک فضائیہ کاکہنا تھا کہ قوم اور مسلح افواج نے ڈٹ کر دشمن کا مقابلہ کیا اور شکست فاش دی، پاک فضائیہ نے مسلح افواج کے شانہ بشانہ دشمن کو کاری ضرب لگائی، عددی برتری رکھنے والوں کے خلاف کامیابی سے لڑنے کی روایت قائم کی، اس یادگار دن کو مناتے ہوئے ہم وطن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ قوم کی حیثیت سے ہم نے ہمیشہ مشکلات میں یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور ہر آزمائش میں سرخرو ہوئے، قومی یگانگت کی بدولت ہم ہر طرح کے چیلنجز سے نبرد آزما ہوسکتے ہیں، پاک فضائیہ اپنی مقدس سرزمین کی فضائی حدود کی حفاظت کی بھرپور استعداد رکھتی ہے۔
سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ اس خاص دن ہمیں کشمیری بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہیے، ہم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں یوم دفاع و شہدائے پاکستان قومی اور ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہاہے ، یوم دفاع پاکستان قومی تاریخ کا درخشاں باب ہے ،اس دن پاکستان کی افواج نے ازلی دشمن بھارت کو عبرتناک شکست دے کر شجاعت و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی۔