(لاہور نیوز) ہاورڈ یونیورسٹی کے 40 طلباء ذاتی خرچے پر پاکستان کے دورہ پر پہنچ گئے، نجی ہوٹل میں طلباء نے میڈیا سے تعارفی گفتگو کی۔
پاکستان کی خوبصورتی اور شہریوں کا حسن اخلاق غیر ملکی طلبہ کو پاکستان کھینچ لایا، ہاورڈ یونیورسٹی کے 40 سٹوڈنٹس پر مشتمل وفد ذاتی خرچے پر پاکستان کے دورہ پر پہنچ گیا، مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلباء نے نجی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو بھی کی۔
پاکستانی سٹوڈنٹس فرام ہاورڈ اسامہ قریشی اور یوسف اخلاق کی جانب سے ٹرپ آرگنائز کیا گیا، اسامہ قریشی کا کہنا تھا ٹرپ آرگنائز کرنے کا مقصد یہی ہے کہ پاکستان کی مثبت تصویر بیرون ملک جا سکے۔
طلباء کا کہنا تھا ہم واپس ہاورڈ جا کر ورکشاپ منعقد کریں گے جس میں پاکستان کے مسائل کے حل کے لئے مختلف تجاویز پیش کی جائیں گی۔
سٹوڈنٹس نے پاکستانی ثقافت اور مہمان نوازی کی خوب تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خوبصورت اور محل وقوع کی بنیاد پر قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے۔