(لاہور نیوز) ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولن تھرو کے فائنل مقابلے میں ارشد ندیم نے دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔
ہنگری کے شہر بڈاپیسٹ میں ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو کے فائنل میں 12 ایتھلیٹس نے حصہ لیا جن میں بھارت کے 3 کھلاڑی شامل تھے، ارشد ندیم نے عالمی ایونٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے پاکستان کیلئے پہلا میڈل جیت لیا۔
ارشد ندیم کا اپنے بھارتی حریف نیرج چوپڑا کے ساتھ بھرپور مقابلہ ہوا، بھارت کے نیرج چوپڑا نے 88 اعشاریہ 17 میٹر کی تھرو کر کے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا جبکہ ارشد ندیم 87 اعشاریہ 82 میٹر تھرو کر کے چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہو گئے۔
جیولن تھرو کے فائنل میں ارشد ندیم پہلی تھرو 74 اعشاریہ 80 میٹر، دوسری تھرو 82 اعشاریہ 81 میٹر، تیسری تھرو 87 اعشاریہ 82 میٹر، چوتھی تھرو 87 اعشاریہ 15 میٹر اور پانچویں تھرو 74 اعشاریہ 80 میٹر پھینکنے میں کامیاب ہوئے۔
ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو مقابلے میں سلور میڈل جیتنے پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے مبارکباد دیتے ہوئے ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی ارشد ندیم کو ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر مبارک باد دی گئی ہے۔