25 Aug 2023
(ویب ڈیسک) افغانستان کے خلاف سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں شاداب خان کے رن آؤٹ پر ایک بار پھر سوالات اُٹھنا شروع ہوگئے۔
ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے افغانستان کے خلاف 35 گیندوں پر 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 48 بنائے تھے۔
میچ میں پاکستان کو جیت کیلئے آخری اوور میں 11 رنز درکار تھے اور افغان بولر فضل الحق فاروقی نے شاداب خان کو نان اسٹرائیک اینڈ پر منکڈ رن آؤٹ کیا اور یوں وہ پویلین لوٹ گئے۔
شائقین کرکٹ نے سوال اٹھایا کہ آئی سی سی نے منکڈ کو قانون کی شکل تو دیدی ہے لیکن کیا یہ اسپرٹ آف کرکٹ کی خلاف ورزی نہیں! اگر ٹیم کسی بیٹر کو آؤٹ نہیں کر پارہی تو وہ نان اسٹرائیک اینڈ پر اُسے رن آؤٹ کرے۔
واضح رہے کہ شاداب خان کے رن آؤٹ کے بعد نسیم شاہ نے پاکستان کو 2 چوکوں کی مدد سے میچ میں فتح سے ہمکنار کروایا۔