(ویب ڈیسک) قومی فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے گزشتہ سال ایشیا کپ میں افغانستان کیخلاف شاندار فتح کی ایک بار پھر یاد تازہ کر دی۔
گزشتہ برس ہونے والے ایشیا کپ میں بھی افغانستان کے فاسٹ باؤلر فضل حق فاروقی نسیم شاہ کے سامنے تھے اور پاکستان کو آخری اوور میں جیت کیلئے 11 رنز درکار تھے اور نسیم شاہ نے فضل حق فاروقی کو دو چھکے لگا کر پاکستان کو جیت دلائی۔
ہمبنٹوٹا میں کھیلے ون ڈے میچ میں ایک بار پھر دونوں کا سامنا ہوا اور پاکستان کو جیت کیلئے بھی 11 رنز ہی درکار تھے، نسیم شاہ نے فضل حق فاروقی کو چوکا لگا کر قومی ٹیم کو کامیابی دلائی اور ایشیا کپ میں جیت کے بعد والا جشن کا پرجوش انداز اپنایا۔
انتہائی سنسنی خیز لمحات میں قومی ٹیم کو میچ جتوانے پر بھارتی صحافی بھی نسیم شاہ کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے، وکرانت کپتا نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ کسی بھی چیز سے زیادہ سنسنی خیز حالات میں نسیم شاہ نے ایک بار پھر کر دکھایا ہے۔