(لاہور نیوز) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا الیکشن کمیشن جس تاریخ کا اعلان کرے گا انتخابات کرا دیں گے۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم الیکشن کمیشن کے اختیارات نہیں لینا چاہتے، الیکشن کمیشن نے ایک مؤقف اختیار کیا ہے، ہم اس کے پیچھے کھڑے ہیں، آرٹیکل 218(3) کے تحت شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی بھرپور مدد کریں گے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا آرٹیکل 51 کے تحت الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیاں کرنے کا پابند ہے، الیکشن کمیشن نے شیڈول بھی دے دیا ہے، آئین میں لکھا ہے کہ ملک کو منتخب نمائندے چلائیں گے، معاشی بہتری کیلئے پوری کوشش کر رہے ہیں، نگران وزیر خزانہ چند دن میں معاشی بحالی کا پروگرام پیش کریں گی۔
نگران وزیر اطلاعات نے کہا ہمیں جس حالت میں ملک ملا ہے ہماری ذمہ داری ہے کہ اس سے بہتر حالت میں ملک منتخب نمائندوں کو دے کر جائیں۔