(لاہور نیوز) پنجاب میں ٹاؤن پلاننگ کا سب سے پرانا ادارہ ’’پھاٹا‘‘ زبوں حالی کا شکار ہو گیا، ٹاؤن پلاننگ کا ذمہ دار ادارہ ٹاؤن پلانرز سے ہی محروم ہے، پھاٹا میں فیلڈ افسران کی پچاس فیصد سیٹیں بھی خالی ہونے کا انکشاف ہوا ہے، " لاہور نیوز" کی نشاندہی پر سپیشل سیکرٹری ہاؤسنگ نے نوٹس لے کر رپورٹ طلب کر لی۔
پھاٹا انتظامیہ کم آمدن والے افراد کو گھر فراہم کر سکی نہ ہی ادارے کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جا سکے، سابق حکومتوں نے ریٹائر ہونے والے افسران کی جگہ نئی بھرتیاں ہی نہ کیں، افسران کی قلت کے سبب پنجاب کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے دورے بھی بند ہو گئے۔
پھاٹا بجٹ کے مطابق فیلڈ افسران کی 50 اسامیاں ہیں، فیلڈ افسران کی 23 سیٹوں پر کوئی تعیناتی نہیں کی گئی، ڈائریکٹر انجینئرنگ کی چھ میں سے چار، ڈپٹی ڈائریکٹر کی 17 میں سے چار سیٹیں خالی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
اسی طرح اسسٹنٹ ڈائریکٹر انجینئرنگ کی 15 میں سے پانچ سیٹیں خالی ہیں، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ کی 9 میں سے سات سیٹیں تعیناتی کی منتظر ہیں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی تین اسامیوں کیلئے بھی بھرتی نہیں کی گئی۔ افسران کی کمی کے سبب پھاٹا کے سرکاری امور شدید متاثر ہورہے ہیں۔