میٹرو بس اور اورنج ٹرین میں بزرگ شہریوں کو فراہم کی گئی مفت سفری سہولت ختم
(لاہور نیوز) میٹرو بس اور اورنج ٹرین میں دو ماہ تک طلبہ اور بزرگ شہریوں کو فراہم کی گئی مفت سفری سہولت ختم ہو گئی۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے مفت سفری سہولت بند کر دی۔
میٹرو بس اور اورنج ٹرین میں سفر کرنے والے طلبہ اور بزرگ شہریوں کیلئے بری خبر آ گئی۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے مفت سفری سہولت بند کر دی۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے 26 مارچ کو طلبہ کو مفت سفری سہولت کی فراہمی کا حکم نامہ جاری کیا جو اب واپس لے لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے کوئی میکنزم نہیں بنایا جا سکا۔ دو ماہ تک ماس ٹرانزٹ سسٹم میں مفت سفری سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہا۔ اب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے بغیر کسی نوٹیفکیشن کے مفت سفری سہولت ختم کر دی۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے گزشتہ ہفتے میٹرو بس اور اورنج ٹرین کا دورہ کیا جہاں طلبہ نے مفت سفری سہولت ختم ہونے پر شکوہ کیا۔ نگران وزیر اعلیٰ نے مفت سفری سہولت کی فراہمی کا اعلان بھی کیا لیکن تاحال اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔
ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ سروس صرف گرمیوں کی چھٹیوں میں فراہم کی گئی ۔ نئی پالیسی بنا رہے ہیں جس کے تحت طلبہ اور بزرگ شہریوں کو مفت یا رعایتی سفری سہولیات فراہم کریں گے۔