(ویب ڈیسک) افغانستان کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاندار کامیابی کے بعد بھارت میں بھی پاکستانی بولرز کے چرچے ہونے لگے۔
منگل کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے پہلے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم نے افغانستان کو 142 رنز سے شکست دے دی۔
سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی پوری ٹیم47 اوور میں 201 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔
202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان بلے باز پاکستانی بولرز کے سامنے نہ ٹھہر سکے اور افغانستان کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 59 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 9 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، اس کے علاوہ نسیم شاہ اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی پر بھارت کے نامور سپورٹس اینکر وکرانت گپتا بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔
سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے وکرانت گپتا نے لکھا کہ 'پاکستان کے پاس ایسا وکٹ لینے والا فاسٹ بولنگ اٹیک ہے جو نئی گیند کے ساتھ ساتھ، آخری اوورز میں بھی وکٹیں لیتا ہے'۔
انہوں نے ساتھ ہی پاکستانی سپنرز کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کے پاس وکٹ لینے والے سپنرز بھی ہوں تو آپ بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو درمیان کے اوورز میں پارٹنرشپ نہیں بنانے دیتے۔