(لاہور نیوز) یوم آزادی پر لاہور میں قوانین پس پشت رہے ۔ ہوائی فائرنگ ، ہلڑ بازی ، پتنگ بازی اور ون ویلنگ نہ رک سکی۔
یوم آزادی پر لاہور پولیس ہوائی فائرنگ روکنے میں ناکام رہی۔ شاہدرہ ٹاؤن ، بادامی باغ ، لوئر مال اور فیصل ٹاؤن میں ہوائی فائرنگ کے واقعات پیش آئے۔ گوجرانوالہ کی رہائشی 7 سالہ بچی رنگ روڈ پر کھڑی مینار پاکستان پر آتش بازی دیکھ رہی تھی کہ اندھی گولی کا شکار ہو گئی، لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اسی طرح شاہدرہ ٹاؤن میں 2 بہنوں کا اکلوتا بھائی ہوائی فائرنگ کا نشانہ بنا ، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
اقبال ٹاؤن ڈویژن پولیس نے 14 اگست پر ہوائی فائرنگ کرنے والے 30 ملزموں ، 53 ون ویلرز اور 8 پتنگ بازوں کو گرفتار کیا۔ شیرا کوٹ پولیس نے سنیپ چیکنگ کے دوران پتنگ و ڈور فروش بلال عرف بِلو کو گرفتار کیا ۔ ملزم کے قبضہ سے 1050 پتنگیں برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا۔
باٹا پور پولیس نے ہوائی فائرنگ کر کے خوف وہراس پھیلانے والا ملزم اظہر اسلحہ و ڈور کی چرخی سمیت گرفتار کر لیا۔ اسی طرح سمن آباد پولیس نے ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر 5 ملزموں کو گرفتار کیا۔
ستوکتلہ پولیس نے ریکارڈ یافتہ منشیات فروش غفور کو دھر لیا۔ ملزم کے قبضہ سے 1260 گرام چرس برآمد، مقدمہ درج کر لیا گیا۔