(ویب ڈیسک) وزارت پارلیمانی امور نے قومی اسمبلی تحلیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھجوائی گئی سمری پر دستخط کردیئے جس کے بعد قومی اسمبلی اور کابینہ تحلیل ہو گئی ، باضابطہ نوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد آج آخری قانونی مرحلہ بھی مکمل ہو گیا۔
وزیر اعظم نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو سمری ارسال کی تھی جس کی توثیق کرتے ہوئے گزشتہ روز انہوں نے سمری پر دستخط کر دیئے، صدر نے اسمبلی تحلیل کرنے کی منظوری آئین کے آرٹیکل 58 ایک کے تحت دی۔
قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد نگران وزیر اعظم کی تقرری تک شہباز شریف عہدے پر کام جاری رکھیں گے، نگران وزیر اعظم کی تقرری کیلئے شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان آج ملاقات ہو گی، ملاقات میں دونوں نگران وزیر اعظم کے نام پر اتفاق کریں گے۔
اسمبلی تحلیل ہونے کے ساتھ ہی وفاقی وزراء، وزراء مملکت، مشیران اور معاونین خصوصی عہدوں سے فارغ ہو گئے ہیں ان کے علاوہ ڈپٹی سپیکر اور پارلیمانی سیکرٹریز بھی برقرار نہیں رہے تاہم سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اگلے سپیکر کے حلف اٹھانے تک برقرار رہیں گے۔