(لاہور نیوز) نگران وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلٰی شکایت سیل کی کارکردگی کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس ہوا۔
وزیراعلٰی شکایت سیل کو مکمل فعال کرنے کیلئے تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ عوام کے مسائل کے فوری حل کیلئے مؤثر اور فول پروف طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔
نگران وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ شکایت سیل کے ویب پیج پر درخواست لاگ اِن ہو کر متعلقہ سیکرٹری کے پاس جائے گی۔ ہر محکمے میں ایڈیشنل سیکرٹری کو مسائل کے حل کیلئے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔ مقررہ مدت میں عوامی شکایت حل نہ ہونے پر متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کی جا سکے گی۔ شکایت کے اندراج سے نمٹانے تک کے مراحل سے درخواست گزار کو آگاہ رکھا جائے گا۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری، سپیشل سیکرٹری وزیراعلٰی آفس اور وزیراعلیٰ شکایت سیل کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔