پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی یومِ شہدائے پولیس پر جری جوانوں کی قربانیوں بارے ویڈیو جاری
(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے یومِ شہدائے پولیس پر قوم کے جری جوانوں کی قربانیوں بارے خصوصی ویڈیو جاری کر دی۔
ویڈیو میں راہ حق میں جاں نچھاور کرنے والے شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ ویڈیو میں شہدائے پولیس کے اہل خانہ، بچوں، بیگمات اور والدین سے دل کی باتیں کی گئیں۔ ویڈیو میں چیئرنگ کراس خودکش دھماکے میں جام شہادت نوش کرنے والے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کیپٹن (ر) احمد مبین شہید کی والدہ کے تاثرات موجود ہیں۔
پولیس شہدا کے لواحقین کا کہنا تھا کہ ہمارے بچے، بھائی بھی پولیس فورس کا حصہ بن کر ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔ ویڈیو میں ڈاکوؤں کا جواں مردی سے مقابلہ کرتے جام شہادت نوش کرنے والے سید عادل حسین شہید کی بیوہ کے یادگار لمحات شیئر کیے گئے۔
بہادر شہدا نے قیام امن اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اپنا آج قوم کے پر امن مستقبل کی خاطر قربان کرنے والے پنجاب پولیس کے 1600 بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے۔