واسا نے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں دو واٹر ٹینک تعمیر کرنے کی تجویز دے دی
(لاہور نیوز) مون سون بارشوں میں ڈوبنے والے نشتر سپورٹس کمپلیکس نے انتظامیہ کو جھنجھوڑ دیا۔ واسا نے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ایک کے بجائے دو واٹر ٹینک تعمیر کرنے کی تجویز دے دی۔
قذافی سٹیڈیم کو بارش کے پانی سے ڈوبنے سے بچانے کا پلان بنا لیا گیا۔ نگران پنجاب حکومت اور واسا ایک بار پھر قذافی سٹیڈیم میں واٹر ٹینک بنانے کیلئے متحرک ہو گئی۔ واسا نے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ایک کے بجائے دو واٹر ٹینک تجویز کر دئیے۔ فنڈز کے حصول کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کو سمری بھی ارسال کر دی گئی۔ واسا کی سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے ایک ارب 43 کروڑ 30 لاکھ روپے دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
23 جون 2021ء کو بھی پراونشل ورکنگ پارٹی اجلاس میں قذافی سٹیڈیم واٹر ٹینک کی منظوری دی گئی۔ پلان کے تحت 60 فیصد رقم سپورٹس بورڈ اور بقیہ پنجاب حکومت نے ادا کرنی تھی۔ 17 دسمبر 2021ء کو ہونے والے اجلاس میں سپورٹس بورڈ نے فنڈز دینے سے انکار کر دیا۔ نئے پلان میں واسا نے واٹر ٹینک کے لیے پنجاب حکومت سے سو فیصد فنڈز کا تقاضا کر دیا۔
2021ء میں منصوبے پر عمل درآمد نہ ہونے سے لاگت میں بھی اضافہ ہو گیا۔ پی سی ون کے مطابق قذافی سٹیڈیم واٹر ٹینک کی لاگت 65 کروڑ 32 لاکھ 12 ہزار روپے تھی جس میں اب 78 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہو گیا ہے۔