وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس: ایل ڈی اے ،متعلقہ اداروں کیلئے 78 ارب سے زائد بجٹ کی منظوری
(لاہورنیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بجٹ برائے مالی سال 2023-24 کے فاضل بجٹ کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں یو ڈی ونگ، واسا اور ٹیپا کے لئے 78ارب66 کروڑ سے زائد روپے کے مجموعی بجٹ کی منظوری دی گئی، شاہراہ نظریہ پاکستان کو سگنل فری کرنے کی منظوری دی گئی، شاہراہ پر مزید یوٹرنز بنائے جائیں گے، سڑکوں کی تعمیر ومرمت نکاسی آب کے موثر نظام سے مشروط کر دی گئی، اکبر چوک فلائی اوورکی تعمیر کے لئے لون ایگریمنٹ کی منظوری دی گئی۔
نگران وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں ارفع کریم ٹاور سے ملحقہ پرانی سبزی اور فروٹ منڈی کی اراضی کے بہتر استعمال کی منظوری دی گئی۔ موہلنوال، جوبلی ٹاؤن اور ایل ڈی اے ایونیو ہاؤسنگ سکیموں کی مساجد کی تعمیر ومرمت اور آپریشنل مینجمنٹ کی منظوری بھی دے دی گئی۔ سوک سنٹر جوہر ٹاؤن میں ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی سے 45 لاکھ روپے کی مجوزہ فیس لینے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔
اجلاس کے دوران لاہور میں پٹرول پمپس کے این او سی کے اجراء کا جائزہ لیا گیا، ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ سکیم میں نیا پاکستان ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کے رجسٹرڈ ممبرز کے لئے اپارٹمنٹ کی اجازت پر غور کیا گیا، پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے لئے سیوریج ٹرنک انفراسٹرکچر چارجز کا فیصلہ کرنے کے لئے کمیٹی قائم کر دی گئی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایل ڈی اے کو ٹیکینکل ڈیپارٹمنٹ قائم اور فنکشنل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایل ڈی اے شہر کی سڑکوں کی تعمیرو مرمت کے کام کو فوری طورپر یقینی بنائے۔
سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ہاؤسنگ، کمشنر لاہور ڈویژن و ڈی جی ایل ڈی اے، ایم ڈی واسا، ایڈیشنل ڈی جی ہاؤسنگ، ایڈیشنل ڈی جی ہیڈکوارٹر، چیف انجینئر ایل ڈی اے اور دیگر ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔