(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے شہر میں غلط پارکنگ کرنے والی گاڑیوں کو تھانوں میں بند کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں تدارک سموگ کے حوالے سے درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی، سموگ کے تدارک کے حوالے سے ماحولیاتی کمیشن کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ سموگ کے تدارک کے لیے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے لیکن ٹریفک رولز کی خلاف ورزیوں سے شہر میں ٹریفک جام رہتی ہے جس سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے۔
عدالت نے شہر میں غلط پارکنگ کرنے والی گاڑیوں کو تھانوں میں بند کرنے کا حکم دے دیا، جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس میں کہا کہ شہری بھاری جرمانوں سے ڈریں گے کسی اور سے نہیں، ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بھی بھاری جرمانے کیے جائیں، ہیلمٹ نہ پہننے والوں کے خلاف بھی کارروائی جاری رکھی جائے۔
عدالت نے ٹریفک پولیس کو قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانہ بڑھانے کی ہدایت کر دی، جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ سی بی ڈی کے بنائے انڈر پاس میں بارش کا پانی کھڑا ہورہا ہے معاملے پر انکوائری کرنے کی ہدایت کی تھی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر سی بی ڈی کی لیگل ٹیم کو طلب کرلیا، لاہور ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت پر مختلف محکموں سے عمل درآمد رپورٹس طلب کرلیں۔