(لاہور نیوز) مالی سال 24-2023 کے لیے بلدیہ عظمیٰ لاہور کا بجٹ منظور کر لیا گیا، بلڈنگ پلان ،سوئمنگ پولز کی فیس اور ریگولیشن جرمانہ بڑھانے کی منظوری دے دی گئی، لاہور نیوز نے بجٹ منظوری اہداف کی کاپی حاصل کر لی۔
دستاویزات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ لاہور کے لیے بجٹ کا حجم 15 ارب 81 کروڑ روپے رکھا گیا ہے، کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر محمد علی رندھاوا نے بجٹ کی منظوری دے دی۔
بجٹ میں بلڈنگ پلان فیس 4 روپے سے بڑھا کر 20 روپے فی مربع فٹ کرنے کی منظوری دی گئی ہے، سوئمنگ پول کی فیس 60 ہزار کے بجائے ایک لاکھ 20ہزار روپے ہو گی، ریگولیشن انفورسمنٹ جرمانہ تین گنا بڑھانے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
لاہور میں ترقیاتی بجٹ کیلئے 3 ارب 46 کروڑروپے مختص کیے گئے ہیں،غیر ترقیاتی بجٹ11 ارب 52 کروڑ روپے رکھا گیا ہے، جاری ترقیاتی سکیموں کیلئے ایک ارب 33 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، نئی ترقیاتی سکیموں کیلئے 1ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ نئی ایل ای ڈی تنصیبات کے لئے 30 کروڑ روپے کا بجٹ منظور کیا گیا ہے۔
میٹروپولیٹن ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں 3 ارب 20 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں،8 ہزارپنشنرز کیلئے 2 ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، لوکل گورنمنٹ بورڈ پنجاب کیلئے سروس چارجز کی مد میں 13 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، سپورٹس سرگرمیوں کے لیے 3 کروڑ جبکہ تشہیری مہم کا بجٹ 10 کروڑ روپے رکھا گیا ہے۔
شہر میں سپیشل ایونٹس کے انعقاد کے لیے 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، 80 کروڑ روپے سڑکوں کی مرمت و بحالی پر خرچ ہوں گے، سرکاری مخدوش عمارتوں کی تزئین و آرائش کے لیے 16 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے لیے 20 کروڑ 50 لاکھ روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے۔
فلٹریشن پلانٹس کے لیے 10 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، بجلی کے بلوں کی ادائیگی کی مد میں ڈیڑھ ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، فیول اخراجات کیلئے45 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ دوران سروس وفات پانے والے ملازمین کیلئے 13 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
لاہور نیوز کو موصول ہونیوالی دستاویزات کے مطابق مالی سال میں ٹیکس ریونیو کا ہدف 14 ارب روپے مقررکیا گیا ہے۔