(لاہور نیوز) پنجاب میں اسلحہ لائسنس بنانے اور اس کی تجدید کی فیسوں میں بھاری اضافہ کر دیا گیا، نگران پنجاب کابینہ نے منظوری دے دی۔
انفرادی اور کمرشل اسلحہ لائسنس بنانے اور ان کی تجدید انتہائی مہنگی ہوگئی، نگران پنجاب کابینہ کی آرمز رولز 2023ء کے شیڈول ون میں تبدیلی کے بعد فیسوں میں 2 ہزار فیصد تک اضافہ ہوگیا۔
ذاتی حفاظت یا شکار کے شوقین افراد کو اسلحہ لائسنس بنانے پر 10 ہزارکے بجائے اب 50 ہزار روپے ادا کرنا ہونگے جبکہ اسلحہ لائسنس کی تجدید پر ایک ہزار کے بجائے 5 ہزار روپے دینے پڑیں گے، آل پاکستان اسلحہ لائسنس کے لئے فیس 5 ہزار سے بڑھا کر1 لاکھ روپے مقررکردی گئی۔
نجی اداروں، سکیورٹی کمپنیوں کے نئے اسلحہ لائسنس بنانے کی فیس7 ہزار سے بڑھا کر50 ہزار روپے کی گئی ہے، نادرا اسلحہ لائسنس پروسیسنگ فیس 1400 سے بڑھا کر 2 ہزار روپے مقرر کردی گئی، ڈپلیکیٹ اسلحہ لائسنس بنانے والے کو اب 1 ہزار کے بجائے 5 ہزار روپے ادا کرنے پڑیں گے۔
گولیوں کی تعداد بڑھانے کی فیس 10 روپے سے بڑھا کر 12 روپے فی گولی کردی گئی، اسلحہ لائسنس پر درج ہتھیار یا بور تبدیل کرنے کی فیس بھی1 ہزار کے بجائے 5 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، وراثت کی بنیاد پر اسلحہ لائسنس ٹرانسفر کی فیس 1 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کردی گئی۔
اسلحہ ڈیلر شپ کے نئے لائسنس کی فیس میں بھی بھاری اضافہ کیا گیا ہے،اسلحہ ڈیلر شپ کے لیے اب 1 لاکھ روپے کے بجائے 20 لاکھ روپے ادا کرنا پڑیں گے، ڈیلرز کے لائسنس کی تجدید کیلئے فیس 50 ہزار سے بڑھا کر 1 لاکھ روپے کردی گئی ہے۔
اسلحہ تیار کرنے والی کمپنیوں کے نئے لائسنس کی فیس بھی 5 لاکھ سے بڑھا کر10 لاکھ روپے کر دی گئی ہے جبکہ ان کے لائسنس تجدید کی فیس2 لاکھ سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے مقررکی گئی ہے، اسلحہ مرمت کرنے والے افراد کو بھی نئے لائسنس کی فیس 20 ہزار کے بجائے 1 لاکھ روپے ادا کرنا ہو گی جبکہ لائسنس کی تجدید پر10 ہزار کے بجائے50 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔
خیال رہے کہ اسلحہ لائسنس کی فیس میں دو ہزار فیصد تک اضافہ تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے ۔