(لاہور نیوز) فلور ملز ایسوسی ایشن اور محکمہ خوراک کے تنازع میں عوام پس گئے۔ سرکاری گوداموں میں گندم موجود ہونے کے باوجود شہری مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔
20کلو آٹے کے تھیلے کے نرخ مزید 50 روپے بڑھ کر ایکس مل ریٹ 2850 روپے ہو گیا۔ زیادہ تر سٹورز پر آٹے کا تھیلا 2915 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔
چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے آٹے کی قیمت بڑھنے کا ذمہ دار محکمہ خوراک کو قرار دیدیا۔ ان کا کہنا ہے سیکرٹری خوراک نے 2 سو من سے زائد گندم کی سٹوریج پر پابندی لگا دی۔ اوپن مارکیٹ میں 40 کلو گندم کی قیمت 4 ہزار 725 روپے ہو گئی۔ یہی صورتحال برقرار رہی تو گندم کی قلت اور آٹا مزید مہنگا ہونے کا اندیشہ ہے۔
دوسری جانب سیکرٹری خوراک زمان وٹو کہتے ہیں لاہور میں آٹے کی قلت ہے اور نہ ہی قیمتیں بڑھی ہیں۔ مفاد پرست جان بوجھ کر مارکیٹ خراب کر رہے ہیں۔