(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی میں انتخابی اصلاحات اور نگران سیٹ اپ کے حوالے سے اہم معاملات طے پا گئے۔
ذرائع کے مطابق لیگی قائد نواز شریف اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی دبئی میں ہونے والی ملاقات میں انتخابات کے فوری انعقاد پر بات کی گئی، دونوں بڑی جماعت کے سربراہوں کی ملاقات چارٹر آف ڈیموکریسی کا تسلسل تھی، ملاقات میں انتخابی اصلاحات اور نگران سیٹ اپ کے حوالے سے اہم معاملات طے پا گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق سندھ بلوچستان میں نگران سیٹ اپ کا فارمولا بھی طے کر لیا گیا ہے، وفاق میں نگران سیٹ اپ میں نون لیگ کے تجویز کردہ افراد کی تعداد زیادہ ہو گی جبکہ پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں کی نمائندگی تناسب کے حساب سے ہوگی، نگران سیٹ اپ میں معاشی، سیاسی افراد اور ریٹائرڈججز رکھنے پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان نگران سیٹ اپ کے ناموں کو وقت سے قبل میڈیا اور جماعتی میٹنگ میں نہ لانے پر اتفاق ہوا ہے، نگران سیٹ اپ کے حوالے سے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نون کی قیادت نے اہم ناموں پر مشاورت شروع کر دی ہے۔