(لاہور نیوز) لاہور کے زیر زمین بوسیدہ انفراسٹرکچر کی قلعی کھل گئی، شہر کی مرکزی شاہراہ مین بلیوارڈ جوہر ٹاؤن ایک بار پھر شگاف زدہ ہوگئی، گزشتہ چار برسوں کے دوران مین بلیوارڈ جوہر ٹاؤن پر 10 شگاف پڑ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق خیابان فردوسی مین بلیوارڈ جوہر ٹاؤن کے نیچے گزرنے والی سیوریج لائن کا کراؤن فیل ہوا، سیوریج لائن ٹوٹنے سے خیابان فردوسی میں گہرا شگاف پڑگیا، مین بلیووارڈ جوہر ٹاﺅن پر 20 فٹ چوڑا اور 25 فٹ گہرا گڑھا پڑا ہے، واسا کی مرکزی سیوریج لائن کا ٹوٹنا گڑھا پڑنے کی وجہ بنا۔
گڑھا پڑنے کی وجہ سے مین بلیوارڈ جوہر ٹاؤن کی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، سڑک بند ہونے کی وجہ سے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔
خیابان فردوسی کے نیچے 35 سال پرانی بوسیدہ سیوریج لائن ٹوٹی، گزشتہ چار برسوں سے مین بلیوارڈ جوہر ٹاﺅن پر اسی طرح کے 10 شگاف پڑ چکے ہیں، واسا انتظامیہ کی جانب سے سیوریج لائن تبدیل کرنے کی بجائے ہر دفعہ مٹی ڈال کر معاملہ دبا دیا جاتا ہے۔
اگست 2020 میں خیابان فردوسی پر ایک ماہ میں تین مرتبہ شگاف پڑنے کے واقعات رونما ہوئے ، فروری 2023 میں ایک اور جولائی 2023 میں تین شگاف پڑ چکے ہیں۔
واسا نے خیابان فردوسی کے نیچے سے گزرنے والی سیوریج لائن کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا، ڈائریکٹوریٹ واسا جوبلی ٹاﺅن نے 75 کروڑ 90 لاکھ روپے کا منصوبہ تیار کیا تھا مفاد عامہ کے اس منصوبے کو تاحال واسا حکام کی جانب سے شروع نہیں کیا گیا ۔