(ویب ڈیسک) سپیشل ورلڈ اولمپکس گیمز میں پاکستان کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے، مزید دو گولڈ میڈلز جیت لیے۔
پاکستان کے محمد لقمان نے سپیشل ورلڈ گیمز ایتھلیٹکس کی 100 میٹر ریس میں گولڈ میڈل جیت لیا، محمد لقمان نے 100 میٹر ریس کا فاصلہ 15.21 سیکنڈ میں مکمل کیا، محمد لقمان نے لانگ جمپ میں بھی دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے سلور میڈل اپنے نام کیا۔
پاورلفٹنگ میں پاکستان کے حبیب اللہ نے 83 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں ڈیڈ لفٹ میں گولڈ میڈل حاصل کیا، حبیب اللہ نے اس کے علاوہ سکواٹ، بینچ پریس اور کمبائنڈ ویٹ میں بھی سلور میڈلز اپنے نام کئے۔
پاکستان کے میرواعظ نے 3000 میٹر ریس میں سلور میڈل جیتا لیا، انہوں نے یہ فاصلہ 10 منٹ اور 11 سیکنڈ میں مکمل کیا، سوئمنگ کی 50 میٹر فری سٹائل میں پاکستان کے حسن پٹیل نے 1 منٹ اور 03.93 سیکنڈ میں فاصلہ مکمل کرکے برونز میڈل جیت لیا۔
ٹینس ایونٹ کے ویمنز سنگل ایونٹ میں پاکستان کی سعدیہ جنید نے سلور میڈل جیت لیا، باسکٹ بال ایونٹ میں پاکستان یونیفائڈمینز نے پاکستان یونفائڈ مکس کو شکست دیکر برونز میڈل اپنے نام کرلیا۔
فیلڈ ہاکی کے مکس ایونٹ میں تیسری پوزیشن کیلئے کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پیراگوئے کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دیکر برونز میڈل جیت لیا، واضح رہے کہ پاکستان نے ورلڈ گیمز کے ہاکی ایونٹ میں پہلی بار شرکت کی ہے، سپیشل اولمپک ورلڈ گیمز میں پاکستان ابتک مجموعی طور پر9 گولڈ میڈلز جیت چکا ہے۔