(ویب ڈیسک ) برلن میں جاری سپیشل اولمپک ورلڈ گیمز کے بیڈ منٹن ویمنز ڈبل یونیفائڈ کے مقابلوں میں پاکستان کی فائزہ ناصر اور ناہین خان نے گولڈ میڈل جیت لیا۔
برلن میں کھیلے گئے بیڈمنٹن ایونٹ میں پاکستانی پلیئرز نے ازبکستان کے خلاف 5-21 اور 17-21 پوائنٹس سے، ملائیشیا کو 14-21 اور 6-21 سے اور کرغز ریپبلک کے خلاف 12-21 اور 13-21 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا ۔
اس موقع پر فائزہ ناصر اور ناہین خان کاکہنا تھا کہ ہم بہت خوش ہیں ہماری محنت رنگ لائی اور اپنے ملک کیلئے گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئے ، ہماری کامیابی میں ہمارے کوچز نے اہم کردار ادا کیا اور اس کامیابی کے سلسلے کو آئندہ ایونٹس میں بھی برقرار رکھنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے مختلف گیمز میں چھ گولڈمیڈلز اپنے نام کیے ہیں۔
سپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں سپیشل اولمپکس پاکستان (SOP) نے 87 کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا ہے جن میں 33 خواتین اور 54 مرد شامل ہیں، تمام کھلاڑی 11 کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
پاکستان ٹینس، ہاکی، پاور لفٹنگ، بوکس، فٹبال، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، ایتھلیٹکس، سائیکلنگ اور تیراکی کے مقابلوں میں حصہ لے رہا ہے ۔