(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات عوام کی پہنچ سے بدستور دور ہیں۔ برائلر گوشت کی فی کلو قیمت 600 روپے سے نیچے نہ آئی۔
برائلر گوشت 23 روپے سستا ہونے کے باوجود 633 روپے فی کلو ہے۔ شدید گرمی میں بھی فارمی انڈے مزید مہنگے ، فی درجن قیمت 246 روپے ہو گئی۔
سبزیوں کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں 15 سبزیوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں پیاز 80 ، ادرک 850 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ ٹینڈے دیسی 200 ، بینگن 80، کھیرے 110 روپے فی کلو ہیں۔ کریلے 70، پالک اور بند گوبھی 50 ، شلجم 180 روپے فی کلو ہے۔ بھنڈی اور شملہ مرچ 110 ، اروی 200 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ مٹر 320 ، گاجر چائنہ 110 اور گھیا توری 70 روپے فی کلو بیچی جا رہی ہے۔
سرکاری نرخ نامہ میں 2 پھل مہنگے ہو گئے۔ مارکیٹ میں خوبانی 280، آم سندھڑی 300 روپے فی کلو مل رہے ہیں۔
عوام کہتے ہیں ہر چیز مہنگائی کے رنگ میں رنگ گئی ہے۔ اب تو کچھ بھی سستا نہیں رہا۔ سبزیوں اور پھلوں کی سرکاری نرخ ناموں کے برعکس فروخت معمول بن چکا ہے۔