(لاہور نیوز) کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے رات گئے سمن آباد انڈر پاس اور لاہور برج کا دورہ کیا۔
چیف انجینئراسرارسعید اور سائٹ پر موجود پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے کمشنر لاہور کو بریفنگ دی۔ ڈی جی پی ایچ اے طاہر وٹو اور ڈائریکٹر ڈی جی ہیڈکوارٹر آصف حسین بھی ہمراہ تھے۔
انڈرپاس کے کیرج وے پر کام پوری رفتار سے دن رات جاری ہے، سمن آباد انڈر پاس تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے اور ایک سائیڈ کی فیسنگ والز مکمل ہو گئی ہیں۔ انڈر پاس کے دونوں اطراف کی بیرل اور گلشن راوی کی سائیڈ پر فیسنگ والز پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انڈر پاس سے منسلک ایک سروس روڈ مکمل ہو چکا ہےجبکہ باقی تین روڈز پر کام جاری ہے۔
کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 24 گھنٹے کام جاری ہے،انڈر پاس جلد آپریشنل کر دیا جائے گا۔
کمشنر لاہور اور ڈی جی پی ایچ اے نے سمن آباد انڈر پاس کے بیوٹیفکیشن ڈیزائن کا بھی جائزہ لیا۔لاہور برج پر لائٹس اور لین مارکنگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ لاہور برج کو رواں ہفتے مکمل طور پر کھول دیا جائے گا۔
کمشنر لاہور نے لاہور برج کے نیچے پارکنگ اور منسلک سروس روڈ کا کام بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔