(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی چیئرمین کرکٹ بورڈ کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملے پر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان گزشتہ کئی روز سے تنازع چلا آ رہا تھا، ن لیگ چاہتی تھی کہ نجم سیٹھی کرکٹ بورڈ کے معاملات کو بہتر انداز سے چلا رہے ہیں اس لیے انہیں ہی برقرار رکھا جائے جبکہ پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کا حق ہے، حکومت اگر نجم سیٹھی کو رکھنا چاہتی ہے تو انہیں کہیں اور لگا دیا جائے۔
تاہم اب نجم سیٹھی نے خود کو پی سی بی چیئرمین شپ کی دوڑ سے باہر کر لیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں نجم سیٹھی نے لکھا کہ میں شہباز شریف اور آصف زرداری کے درمیان تنازع کا سبب نہیں بننا چاہتا، اس طرح کا عدم استحکام پی سی بی کے لیے بھی ٹھیک نہیں ہے، موجودہ صورتحال میں اب میں چیئرمین شپ کا امیدوار نہیں ہوں۔