(ویب ڈیسک) ایمرجنگ ویمنز ایشیا کپ میں آج ہونیوالے سیمی فائنل کے دونوں میچ پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش اور بھارت اے بمقابلہ سری لنکا نہیں کھیلے جاسکے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں سیمی فائنل منگل کے روز کھیلے جائیں گے، انڈیا اے اور سری لنکا کے درمیان پہلا سیمی فائنل پاکستانی وقت کے مطابق صبح چھ بجے جبکہ پاکستان ایمرجنگ اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا سیمی فائنل پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ ہانگ کانگ میں بارش اور خراب موسم کے پیش نظر منتظمین نے سیمی فائنل میں ریزرو ڈے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،مسلسل بارش اور آئوٹ فیلڈ گیلی ہونے کے سبب اس ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے میں کھیلے گئے 12 میں سے 7 میچز ایسے ہیں جو ایک بھی گیند کرائے بغیر ختم کرنے پڑے تھے۔
گروپ مرحلے میں پاکستانی ٹیم کے ہانگ کانگ اور انڈیا اے کے خلاف میچز بارش کی نذر ہوگئے تھے جبکہ اس نے نیپال کو 9رنز سے شکست دی تھی،ٹورنامنٹ کا فائنل بدھ 21جون کو کھیلا جائے گا۔