کشتی حادثہ: 28 جاں بحق اور 12 زندہ بچنے والے نوجوانوں کی تفصیلات سامنے آ گئیں
(ویب ڈیسک) یونان جاتے ہوئے کشتی الٹنے سے جاں بحق ہونے والے 28 اور زندہ بچ جانے والے 12 نوجوانوں کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
کشتی حادثے میں منڈی بہاؤالدین کے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہو گئی، جاں بحق ہونے والوں میں نوجوان ارسلان بھی شامل تھا جس کی غائبانہ نماز جنازہ نواحی گاؤں کھائی میں ادا کر دی گئی ہے، ارسلان ایک بیٹے اور ایک بیٹی کا باپ تھا، ارسلان نے اٹلی جانے کیلئے گجرات کے انسانی سمگلر عرفان ہاشمی کو 10 لاکھ روپے ایڈوانس ادا کئے تھے۔
لیبیا سے اٹلی جاتے ہوئے یونان کے قریب سمندر میں کشتی حادثے میں لاپتہ ہونے والے 22 نوجوان نوشہرہ ورکاں کے ہیں جن میں سے 10 نوجوانوں کا تعلق کڑیال کلاں، 4 کا تعلق نواحی گاؤں بھاکرانوالی، 2 کزنوں کا تعلق میلو ورکاں، 2 کا تعلق نواحی گاؤں نتھو سیویا جبکہ 1 نوجوان کا تعلق نواحی گاؤں چک پاکھر جبکہ 1 کا تعلق منگوکی سے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یونان کشتی حادثہ: وزیر اعظم کا پاکستانیوں کی اموات پر کل یوم سوگ کا اعلان
مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے یورپ جانے والا حافظ آباد کا نوجوان بھی سمندر کی لہروں میں گم ہو گیا، جلال آنہ گاؤں کا رہائشی نوجوان بدقسمت کشتی میں سوار تھا تاہم ابھی تک اس کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی، غم سے نڈھال بیوی بچوں اور والدین نے حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔
حادثہ میں زندہ بچ جانے والوں کے نام بھی جاری کر دیئے گئے جن میں کوٹلی کے محمد عدنان بشیر ولد محمد بشیر، حسیب الرحمان ولد حبیب الرحمان، گوجرانوالہ کے محمد حمزہ ولد عبدالغفور، ذیشان سرور ولد غلام سرور، گجرات کے عظمت خان ولد محمد صالح، عثمان صدیق ولد محمد صدیق، عرفان احمد ولد شفیع اور عمران آرائیں ولد مقبول شامل ہیں۔
شیخوپورہ کے محمد سنی ولد فاروق احمد، زاہد اکبر ولد اکبر علی، منڈی بہاؤالدین کا مہتاب علی ولد محمد اشرف، سیالکوٹ کا رانا حسنین ولد رانا نصیر احمد بھی بچ جانے والوں میں شامل ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔