(ویب ڈیسک) دورہ سری لنکا کے لیے ٹیسٹ سیریز میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی پاکستان سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جبکہ اسی سیریز میں ایک ریکارڈ شاہین کا منتظر ہے۔
سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز شاہین شاہ آفریدی کے لیے خاصی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ وہ اس دوران اپنی ٹیسٹ وکٹوں کی 'سنچری' مکمل کر سکتے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ میچز میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کے لیے صرف ایک وکٹ درکار ہے، فاسٹ بولر کے 3 دسمبر 2018 کو ٹیسٹ ڈیبیو کے بعد سے کوئی بھی پاکستانی بولر ان سے زیادہ وکٹیں نہیں لے سکا ہے۔
شاہین نے ٹیسٹ ٹیم میں واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سال بعد دوبارہ ٹیسٹ ٹیم میں واپسی پر خوش ہوں، ٹیسٹ کرکٹ سے دوری کو بہت زیادہ محسوس کر رہا تھا اور اس فارمیٹ سے دور رہنا بہت مشکل ہوگیا تھا۔
شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں گزشتہ سال انجری کے بعد سے پورا ہوم سیزن ٹیم سے باہر رہا اور اب سری لنکا ہی میں واپسی ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس واپسی کو یادگار بنانے کے لیے پُرامید ہوں اور ساتھ ہی ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی سنچری کی تکمیل کا بھی منتظر ہوں۔ فاسٹ بولر نے کہا کہ اپنے مداحوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مشکل وقت میں بھرپور سپورٹ کیا۔