(ویب ڈیسک)معروف کامیڈین ولی شیخ نے کہا ہے کہ میرے ساتھ مویشی منڈے جاتے ہوئے واردات ہوئی ہے پولیس جس طرح چاہے تفتیش کر سکتی ہے۔
تفصیلات کےمطابق کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کا موقف تھا کہ کامیڈین ولی شیخ نے مویشی منڈی سے متعلق جو بات کی وہ حقائق کے برعکس ہے، واردات کا جو وقت وہ بتا رہے ہیں اس وقت ان کی لوکیشن ملیر سٹی کی ہے۔دوسری جانب ولی شیخ کا کہنا ہے کہ اگر میری بات غلط ثابت ہوتی ہے تو مجھے قانون کے مطابق سزا دی جائے ، انھیں اس حوالے سے نہیں معلوم کہ کراچی پولیس چیف ان کی لوکیشن سے متعلق بات کس بنیاد پر بات کر رہے ہیں؟
انھوں نے بتایا کہ جس وقت ان کے ساتھ واردات ہوئی نجی ٹی وی چینل سے وابستہ ایک شخص بھی ان کے ہمراہ تھے اور ان کا ایک موبائل فون جو کہ موٹر سائیکل پر چڑھے کور کی جیب میں رکھا تھا اس لئے بچ گیا اور اسی موبائل فون سے تھانے میں ویڈیو بنائی تھی۔
واضح رہے کہ ولی شیخ کے ساتھ رواں ماہ 4 جون کو ناردرن بائی پاس مویشی منڈی جاتے ہوئے لوٹ مار کی واردات ہوئی تھی جس میں ڈاکو ولی شیخ کا موبائل فون، 85 ہزار روپے نقدی جبکہ ان کے ساتھی سے موبائل فون اور 5 ہزار روپے نقدی چھین کر فرار ہوگئے تھے۔