(ویب ڈیسک) ایشیا کپ 2023 ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان اور سری لنکا میں ہوگا جس کا اعلان گزشتہ روز ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے کیا گیا۔
ایشین کرکٹ کونسل نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا جس میں پاکستان سمیت بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
ایشین کرکٹ کونسل کا کہنا ہےکہ ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلاجائے گا جس میں ایونٹ کے چار میچز پاکستان اور 9 میچز سری لنکا میں ہوں گے۔
ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے ایونٹ کا باضابطہ شیڈول جاری نہیں کیا گیا ہے۔ ایشیا کپ کے شیڈول کو آئندہ دو ہفتوں میں حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔
اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ پاکستان ہوم گراؤنڈ پر دو میچز کھیلے گا۔ پاکستان پہلا میچ نیپال کے ساتھ کھیلے گا۔ پاکستان اور نیپال کی ٹیمیں پہلا میچ کھیلنے کے بعد سری لنکا چلی جائیں گی۔
دوسرا میچ پاکستان سپر فور مرحلے کا کھیلے گا، سپر مرحلے کا میچ کھیلنے کیلئے پاکستان ٹیم دوبارہ پاکستان آئے گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ پانچواں میچ بھی پاکستان میں کرانے کیلئے کوشاں ہے۔ ایشیا کپ کے پاکستان میں ہونے والے تمام میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
خیال رہے کہ ایشیا کپ 2023 اس بار 50 اوور فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا اور اس کی میزبانی پاکستان نے کرنی ہے، بھارت کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد پی سی بی نے ہائبرڈ ماڈل پیش کیا تھا جسے ایشین کرکٹ کونسل نے تسلیم کیا۔