(لاہور نیوز) عید الاضحی میں چند روز باقی رہ گئےمگر صوبائی دارالحکومت میں عارضی مویشی منڈیاں تا حال فعال نہ ہو سکیں، بیوپاری اور خریدار سہولتیں نہ ہونے سے خوار ہونے لگے ۔
شہر میں ہر سال عید الاضحی سے قریباً 18 سے 20 دن قبل عارضی مویشی منڈیاں سج جایا کرتی تھیں مگر رواں سال ابھی تک سرکاری سطح پر منڈیوں کا قیام عمل میں نہیں لایا جا سکا، جو جگہیں عارضی مویشی منڈیوں کے لیے مختص کی گئی ہیں وہاں تاحال نہ بجلی اور پانی کی سہولت میسر ہے اور نہ ہی شامیانے لگائے گئے ہیں، بیوپاری کھلے آسمان تلے بیٹھنے پر مجبور ہیں۔
صوبائی دارالخلافہ میں منڈیوں کے قیام کیلئے ضلعی انتظامیہ نے محکمہ بلدیات سے 2 ارب کا بجٹ مانگا جس پر انکار ہو گیا،اب بیوپاریوں سے فی جانور ٹیکس وصولی سے منڈیوں کے انتظامات چلائے جائیں گے،انتظامیہ نو پرافٹ نو لاس پر منڈیوں کا قیام کر رہی ہے۔
سیکر ٹری بلدیات ڈاکٹر ارشاد احمد کا کہنا ہے کہ 10 عارضی مویشی منڈیاں 18 جون تک آپریشنل ہو جائیں گی۔