(ویب ڈیسک) کراچی کی ڈاکٹر اور ماڈل ’’کپوتاکھی چنچلا‘‘ نے مس پاکستان یونیورس 2023 کا تاج حاصل کر لیا، ٹائٹل کا اعلان لاہور میں منعقدہ تقریب میں کیا گیا۔
مس پاکستان یونیورس کا ٹائٹل حاصل کرنے والی ماڈل کپوتاکھی چنچلا، کراچی کی لیاقت نیشنل ہسپتال سے بطور پروفیشنل ڈاکٹر منسلک ہیں اور انہوں نے اسی ادارے سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی تھی۔
ڈاکٹر کپوتاکھی چنچلا کا کہنا تھا کہ انہوں نے کراچی کے ایک مسلم گھرانے میں جنم لیا اور وہیں پرورش پائی ہے، والدہ کی وفات کے بعد والد کے ساتھ اسی شہر میں رہی، یہیں تعلیم مکمل کی اور اسی شہر میں اپنی پروفیشنل زندگی کی شروعات کی۔
انہوں نے بتایا کہ بچپن سے ہی شوبز اور انٹرٹینمنٹ کی دنیا انہیں پرکشش لگتی تھی اور وہ کسی طرح اس دنیا میں داخل ہو جانے کا خواب دیکھتی تھیں، پھر انہیں اس پلیٹ فارم کے ذریعے انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں داخل ہونے کا راستہ مل گیا۔
مس پاکستان یونیورس ڈاکٹر کپوتاکھی چنچلا کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2022 میں مس پاکستان یونیورس کا تاج سر پر سجانے والی ڈاکٹر شفق اختر سے متاثر ہوکر اس مقابلہ حسن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا۔
کپوتاکھی چنچلا کا کہنا تھا کہ مس پاکستان یونیورس کا ٹائٹل جیتنے کے باوجود بھی وہ مستقبل میں نیوروسرجن بننا چاہتی ہیں۔