(لاہور نیوز) ماہرہ خان نے پاکستان کے شمالی علاقہ جات (گلیات) کی سیر کی، جہاں وہ گھڑ سواری کے دوران گرنے سے بال بال بچ گئیں، انہوں نے خود کو بچانے والے شخص کا شکریہ ادا کیا۔
معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے ٹریول لاگ ریل کو سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیا، ساتھ ہی اداکارہ نے ان کی مدد کرنیوالے شخص کا بھی شکریہ ادا کیا۔ماہرہ خان نے حال میں اپنے بیٹے کے ہمراہ گلیات کی سیر کی۔جس میں ماہرہ قدرتی ماحول سے محظوظ ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔
ماہرہ نے اس ویڈیو کے حوالے سے لکھا کہ پہاڑوں کے ساتھ ان کا عجیب تعلق محسوس ہوتا ہے،یوں لگتا ہے کہ جیسے پہاڑ آپ سے بات کررہے ہوں، آپ کو یاد دلا رہے ہوں کہ آپ کتنی دور جاسکتے ہیں، یہ آپ کو بتاتے ہیں کہ آپ کتنا چھوٹے ہیں۔ یہ سکون اور ایمان کے احساس کو تازہ کرتے ہیں۔ اس بات کا یقین دلاتے ہیں کہ آپ کتنی ہی مشکل میں کیوں نہ ہوں سب ٹھیک ہو جائے گا، جو لوگ آپ کے ساتھ ہیں وہ آپ سے بے حد محبت کرتے ہیں۔
ساتھ ہی ماہرہ نے لکھا کہ یہ کوئی تشہیری پوسٹ نہیں ہے، انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ان گلیات کی سیر کے دوران گھوڑے سے گرتے ہوئے برے حادثے کا شکار ہوئیں۔اداکارہ نے ساتھ ہی انہیں بچانے والے شخص کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ اگر وہ شخص اس پوسٹ کو پڑھ رہا ہو تو میں اس کی بے حد مشکور ہوں، دیکھ بھال کرنے کیلئے۔ٹی وی اور فلم کی معروف اداکارہ نے ساتھ ہی لکھا کہ میں خیریت سے ہوں الحمدللہ۔