(ویب ڈیسک) طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ کے لیے قربانی کے جانور خریدتے وقت خاص احتیاط کریں کیونکہ ان ایام میں کانگو وائرس اور لمپی سکن کے کیسز بڑھ سکتے ہیں۔
پی ایم اے نے الزام عائد کیا ہے کہ مویشی منڈیوں میں بیمار جانوروں کے داخلے کو روکنے کا کوئی موثر نظام نہیں اور مویشی منڈیوں کے ٹھیکیدار پیسے بٹور کر بیمار جانوروں سمیت تمام جانوروں کو ہیلتھ کلیئرنس جاری کر رہے ہیں۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطابق عید الاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی شہروں میں قربانی کے جانوروں کی منڈیاں لگنا شروع ہوجاتی ہیں اور اندرون سندھ اور پنجاب سے بڑی تعداد میں قربانی کے جانور شہروں میں لائے جاتے ہیں۔
ایسے میں جہاں کانگو وائرس کے خطرات بڑھ جاتے ہیں اس سال جلدی بیماری لمپی سکن کے خطرات بھی منڈلا رہے ہیں ، ایسے میں شہریوں کو چاہیے کہ قربانی کے جانوروں کو خریدتے وقت اور ان جانوروں کی دیکھ بھال کرنے والے افراد خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔
کانگو بخار کیا ہے؟
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ڈاکٹر قیصر سجاد کا کہنا تھا کہ کانگو وائرس اُس پسو یا چیچڑی کے کاٹنے سے پھیلتا ہے جس نے کانگو وائرس سے متاثرہ مویشی کا خون چوسا ہو یا کسی متاثرہ جانور کو ذبح کرنے کے دوران یا اس کے فوراً بعد خون اور گوشت کو چھونے سے یا متاثرہ افراد کے خون ، اعضاء یا دیگر جسمانی رطوبتوں سے پھیلتا ہے۔
ڈاکٹر قیصر سجاد کا کہنا تھا کہ چرواہے، قصاب یا کوئی بھی شخص جس نے مویشی کو چھوا ہو اور متاثرہ شخص کے قریب رہنے والے لوگ اس وائرس کا شکار بننے کا زیادہ خطرہ رکھتے ہیں۔
احتیاطی تدابیر
ڈاکٹر قیصر سجاد کا کہنا تھا کہ قربانی کا جانور خریدتے وقت یا قربانی کے جانور کی دیکھ بھال کرتے وقت ہلکے رنگ کے پوری آستین والے کپڑے پہنیں، جوتے، جرابوں کے ساتھ پہنیں، حشرات اور کیڑے مکوڑوں سے بچانے والی ٹیوب یا لوشن جسم کے کھلے حصوں پر لگائیں، قربانی کا جانور خرید کر گھر آنے کے فوری بعد ضرور نہائیں۔
انہوں نے کہا کہ جانور ذبح کرتے وقت اپنے ہاتھوں پر دستانیں پہن لیں، اپنے منہ اور ناک کو ماسک سے ڈھانپ کر رکھیں، دستانے اتارتے ہی صابن سے اپنے ہاتھوں کو دھوئیں،جانور کی کھال کو پلاسٹک کی شیٹ سے ڈھانپ کر الگ رکھیں، قربانی کے جانور کے خون یا پانی کو سڑک پر مت بہائیں۔
علامات
ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا کہ تیز بخار، پٹھوں میں درد، کمر درد، سر درد، قے، شدید خراش اور ناک سے خون آنا کانگو وائرس کی علامات میں شامل ہے، ایسی کسی بھی علامت کی صورت میں فوری طور پر معالج سے رجوع کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان دنوں دوسرا خطرہ لمپی سکن ڈیزیز کی موجودگی ہے ، پی ایم اے عوام کو خبردار کرتی ہے کہ وہ لمپی سکن ڈیزیز والے جانوروں کے قریب جانے سے گریز کریں اور قربانی کے لیے بیمار جانور نہ خریدیں۔
ڈاکٹر قیصر کا کہنا تھا کہ شہریوں کو چاہیے کہ دن کے اوقات میں جانور خریدنے مویشی منڈی جائیں تاکہ آپ بیمار ، لاغر اور عیب دار جانور خریدنے سے بچ سکیں۔
انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ مویشی منڈیوں میں داخلے کے مقامات پر تمام جانوروں کی سکریننگ کی جائے اور صرف صحت مند جانوروں کو منڈی میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے تاکہ عوام کی زندگی اور صحت بچائی جا سکے۔