(لاہور نیوز) شہر میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں کمی آنے لگی ، گزشتہ دو ہفتوں کے دوران گندم کے نرخ 400 روپے فی من کم ہو گئے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق مارکیٹ میں گندم کے نرخ 4400 روپے فی من پر آ گئے ہیں،آٹے کے نرخوں میں بھی کمی ہونے لگی ہے، 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت بھی 200 روپے کم ہو گئی ہے، مارکیٹ میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 1200 سے 1250 روپے میں دستیاب ہے۔
20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں بھی 400 روپے تک کمی ہوئی ہے، 20 کلو آٹے کا تھیلا 2450 روپے تک فروخت ہو رہا ہے، چکی آٹا بھی 10 روپے فی کلو سستا ہو گیا ہے، چکی آٹا کے نرخ چند روز قبل 160 روپے فی کلو مقرر کیے گئے تھے، سفید فائن آٹا 150 اور کھلا سرخ آٹا 140 روپے فی کلو تک فروخت کیا جارہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مارکیٹ میں گندم کے نرخ کم ہونے سے آٹے کے نرخوں میں کمی ہو رہی ہے، آئندہ چند ہفتے مارکیٹ میں آٹا نرخ اسی سطح پر رہنے کا امکان ہے۔