(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے قومی کرکٹرز کے ساتھ نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں وسیع پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سنٹرل کنٹریکٹ کے معاملے پر کپتان بابراعظم کے ساتھ ان کی امریکہ سے وطن واپسی پرمشاورت کی جائے گی، پی سی بی اس معاملے پر سینئر کرکٹرز کو بھی اعتماد میں لے گا ۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ سنٹرل کنٹریکٹ میں وسیع پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے ، قومی کرکٹرز کی ترقی و تنزلی ہو گی، کئی کرکٹرز سنٹرل کنٹریکٹ سے محروم ہوں گے، اس حوالے سےریڈ بال اور وائٹ بال کیٹیگریز کو جاری رکھنے پر مشاورت جاری ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس پی سی بی نے ریڈ بال اور وائٹ بال کرکٹ کی الگ الگ کیٹیگریز متعارف کرائی تھیں ، ریڈ اور وائٹ بال میں اے بی سی کے علاوہ ایمرجنگ کیٹیگریز شامل تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان اظہر علی ریٹائر ہونے پر کنٹریکٹ سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ فواد عالم کا جگہ برقرار رکھنا مشکل ہے۔ یاسر شاہ، نعمان علی، خوشدل شاہ ،عثمان قادر اور زاہد محمود کا کنٹریکٹ برقرار رکھنا بھی مشکل نظر آ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق افتخار احمد ، صائم ایوب ، احسان اللہ ، اسامہ میر اور زمان خان کو کنٹریکٹ دیئے جانے کا امکان ہے۔ حارث رؤف اور نسیم شاہ کو کنٹریکٹ میں ترقی ملے گی ۔
واضح رہے کہ پی سی بی کے ساتھ قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ 30 جون کو ختم ہو رہے ہیں۔