(ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے 190 ملین پاؤنڈز کی مبینہ غیر قانونی سیٹلمنٹ کے کیس میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو گواہ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
بشریٰ بی بی کو بھجوائے گئے نوٹس کے مطابق 7 جون کو بشریٰ بی بی کا بطور گواہ بیان قلمبند ہوگا۔ بشریٰ بی بی کو نوٹس بطور ملزمہ نہیں، بطور گواہ جاری ہوا۔
یاد رہے کہ ترمیمی ایکٹ کے تحت نیب اپنے نوٹس میں یہ بتانے کا پابند ہے کہ طلبی بطور گواہ کی گئی ہے یا بطور ملزم بلایا گیا ہے ، بشریٰ بی بی کو جاری نوٹس میں بطور گواہ طلبی کا ذکر موجود ہے۔
نوٹس میں بشریٰ بی بی سے القادر ٹرسٹ کی دستاویزات بھی طلب کی گئی ہیں جبکہ القادر ٹرسٹ کی رجسٹریشن، پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے منظوری کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ احتساب عدالت میں نیب وکیل نے درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران کہا تھا کہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری نہیں چاہیے۔