(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کے افسران و اہلکاروں کے نابینا بچوں کیلئے خوشخبری سامنے آگئی ہے، آئی جی پنجاب نے خصوصی وظیفہ دینے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق میڈیکل فنانشل کمیٹی کی منظوری کے بعد نابینا بچوں کیلئے 20 ہزار روپے وظیفہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو باقاعدہ طور پر جاری کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق یہ وظیفہ پنجاب پولیس کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران و اہلکاروں کے بچوں کو دیا جائے گا، جبکہ دوران سروس وفات پانے یا شہید ہونے والے اہلکاروں کے نابینا بچوں کو بھی اس سہولت میں شامل کیا گیا ہے۔
فیصلے کے تحت یکم جنوری 2026 سے ہر تین ماہ بعد یہ وظیفہ ادا کیا جائے گا تاکہ متاثرہ خاندانوں کو مالی سہارا فراہم کیا جا سکے، آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر پنجاب پولیس نے متعلقہ افسران کو مراسلہ جاری کر دیا ہے اور اس پر عملدرآمد کیلئے ضروری اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد پولیس اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا اور خصوصی افراد کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
