(لاہور نیوز) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی سکولوں میں پبلک سیفٹی موبائل ایپ کی تنصیب کو لازمی قرار دیتے ہوئے سخت ہدایات جاری کر دیں۔
محکمہ تعلیم کے مطابق اے، اے پلس اور بی کیٹیگری کے تمام سکولوں کیلئے ایپ انسٹال کرنا لازمی ہو گا جبکہ تمام اساتذہ اور سکول ہیڈز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی رجسٹریشن مقررہ وقت، یعنی کل تک مکمل کریں۔
ذرائع کے مطابق متعدد سکولوں میں تاحال ایپ انسٹال نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس پر محکمہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور فوری عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران (ڈی ای اوز) کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے سکولوں اور متعلقہ ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے، مزید برآں سکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر یہ احکامات تمام اساتذہ تک پہنچائیں تاکہ بروقت عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔
مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن ونگ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایپ کی تنصیب اور رجسٹریشن کے عمل کی مسلسل نگرانی کرے اور پیش رفت سے متعلق رپورٹ مرتب کرے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق ایپ انسٹالیشن میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور اس اقدام کا مقصد تعلیمی اداروں میں سکیورٹی اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
