(لاہور نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 51 واں اجلاس ہوا، جس میں صوبہ بھر کے امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر و چیرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق اظہارِ خیال کرتے ہوئےکہاکہ اللہ تعالیٰ نے بین الاقوامی سطح پر مذاکرات کے حوالہ سے پاکستان کو بڑی عزت و تکریم سے نوازا ہے، فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ پولیس کے جوانوں کو بھی قیام امن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وساکھی فیسٹیول 2026 کیلئے بھی سکیورٹی کے فول پروف حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں، عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔
صوبائی وزیر و کو چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان بلال یاسین نےکہا کہ پاکستان کی تاریخ میں فخر کے لمحات ہیں اور عالمی سطح پر مثبت امیج اجاگر ہوا ہے،تمام اداروں نے تسلسل کے ساتھ عید، پی ایس ایل اور ایسٹر پر سکیورٹی کے انتظامات یقینی بنائے۔
صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک پاکستان کو اسی طرح عزتوں سے نوازے، قیام امن کیلئے تمام متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نےکہا کہ پنجاب میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام توانائیاں صرف کر رہے ہیں، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ تربیت سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھا رہے ہیں۔
