پنجاب: شعبہ صحت میں بڑی پیشرفت، 11 ہزار ہارٹ سرجریز، ہزاروں ٹرانسپلانٹ مکمل
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں صوبے کے چار بڑے ہیلتھ پراجیکٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 16 ہزار 625 بچوں کی رجسٹریشن ہوئی جبکہ 11 ہزار بچوں کی کامیاب سرجریز مکمل کی جا چکی ہیں۔
بریفنگ کے مطابق صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں 7 ہزار 664 بچوں کی ہارٹ سرجری اور پروسیجر مکمل کیے گئے جبکہ 3 ہزار 802 بچوں کا نجی ہسپتالوں میں سرکاری خرچ پر علاج کیا گیا۔
اجلاس میں سی ایم سپیشل ٹرانسپلانٹ پروگرام کی پیشرفت پر رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس کے تحت 2 ہزار ایک مریضوں کی رجسٹریشن ہوئی اور 1 ہزار 574 کامیاب ٹرانسپلانٹ کیے گئے۔ پروگرام کے تحت 255 مریضوں کے مفت لیور ٹرانسپلانٹ کیے گئے، جن پر حکومت پنجاب نے فی مریض تقریباً 65 لاکھ روپے خرچ کیے۔
اسی پروگرام کے تحت 799 مریضوں کی گردوں کی پیوندکاری، 460 کوکلیر امپلانٹس، 32 کارنیا اور 28 بون میرو ٹرانسپلانٹ بھی کیے گئے۔
اجلاس میں سی ایم سپیشل انیشیٹو برائے ڈائیلسز پروگرام پر بھی بریفنگ دی گئی، جس کے تحت 38 ہزار 125 مریضوں کی رجسٹریشن ہوئی جبکہ ساڑھے 15 لاکھ ڈائیلسز پروسیجرز مکمل کیے جا چکے ہیں۔
اس موقع پر مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ غریب اور امیر سب ان کے لیے برابر ہیں اور عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں سرجریز اور ٹرانسپلانٹس پنجاب کی کارکردگی کا واضح ثبوت ہیں۔
